مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق



حضور اکرمﷺ آج جہاں آرام فرما ہیں،وہاں سوا چودہ سو سال قبل آپ کی زوجہٴ محترمہ امّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ کا حجرہٴ مبارک تھا۔
اس کی لمبائی تقریباً ۱۶ فٹ اور چوڑائی ۱۲ فٹ تھی۔ آج کے کمروں کی لمبائی چوڑائی بھی عموماً یہی ہوتی ہے۔ فرق یہ ہے کہ ہمارے گھروں میں ایسے کمرے ایک سے زیادہ ہوتے ہیں، جن کے ساتھ غسل خانہ ، باورچی خانہ اورکھانے پینے، اٹھنے بیٹھنے اور مہمانوں کے لیے الگ جگہیں بھی ہوتی ہیں۔
آئندہ سطور پڑھتے وقت یہ خیال رہے کہ مدینے میں قبلے کا رخ جنوب کی جانب ہے۔ رسول کریم ﷺ کی سب سے چھوٹی بیٹی حضرت فاطمہؓ کا حجرہ ،آپ کی زوجہٴ محترمہ حضرت عائشہؓ کے حجرے کے ساتھ،اس کے شمال کی سمت میں تھا۔ان دونوں حجروں کے دروازے مسجد نبوی میں کھلتے تھے۔ اب یہ دونوں گنبد خضرا کے سائے تلے ہیں۔
حضرت عائشہ صدیقہؓ کے حجرے کے مشرق اور اس سے متصل، رسول کریمﷺ کی دوسری زوجہٴ محترمہ حضرت سودہؓ کا حجرہ تھا۔ مسجد نبوی کی تعمیر سے فارغ ہوتے ہی رسول کریمﷺ نے ان دونوں کو بیک وقت اور ایک ہی طرز پر تعمیر کرایا تھا۔ محل وقوع کو مزید سمجھنے کے لیے یاد رہے کہ مسجد نبوی کے مشرق میں جنّت البقیع ہے۔حضرت عائشہؓ کے حجرے کے جنوب، یعنی قبلے کی سمت اور حضرت عائشہؓ کے حجرے سے گز بھر آگے، حضرت حفصہؓ کا حجرہ تھا۔
پچھلے چودہ سو برسوں کے دوران جب اربوں کلمہ گو رسول اللہﷺ کی قبراطہر کے سامنے کھڑے ہوکر، گداز دل اور تر آنکھوں سے، آپ پر درود و سلام بھیجتے رہے ہیں تو ان میں سے بیش تر کو یہ علم نہ ہوگا کہ وہ جہاں کھڑے ہیں، وہ جگہ چالیس برس سے زیادہ حضرت حفصہؓ کی رہائش گاہ کا ایک حصہ رہی ہے۔ حضرت عائشہؓ اور حضرت حفصہؓ کے حجروں کے درمیان ایک انتہائی تنگ گلی تھی، جس میں ایک وقت میں ایک ہی آدمی گزر سکتا تھا۔ حضرت عائشہؓ اور حضرت حفصہؓ اپنے اپنے حجروں میں بیٹھی ہوئی ایک دوسرے سے باتیں کرلیا کرتی تھیں۔ حضرت فاطمہؓ اور ازواج مطہرات میں سے حضرت سودہؓ ، حضرت عائشہؓ اور حضرت حفصہؓ کے علاوہ صرف ایک اور حجرے کا صحیح محل وقوع معلوم ہے۔
اس میں آپ کی پانچویں بیوی حضرت زینب بنتِ خزیمہؓ صرف چند ماہ رہیں۔ جب ا ن کا انتقال ہوگیا تو آپ انے حضرت امّ سلمہؓ سے شادی کی، جو اگلے چھپّن برس یہاں رہائش پزیر رہیں۔ ازواج مطہرات میں سے حضرت امّ سلمہؓ کا انتقال سب سے آخر میں ہوا۔ حضرت امّ سلمہؓ کے حجرے کے بعد، شمال کی جانب، پانچ مزید حجرات تقریباً ایک قطار میں، وقتاً فوقتاً بنتے گئے، جو رسول کریمﷺ کی پانچ دیگر ازواج مطہرات کی رہائش گاہیں تھیں۔
بالائی سطور سے یہ نقشہ سامنے آتا ہے کہ مسجد نبوی کے مشرق میں، قبلے یا جنوب کی سمت، سب سے پہلا حجرہ حضرت حفصہؓ کا تھا،اس کے نیچے یا شمال میں، دو دو حجروں کی دو قطاریں تھیں۔ پہلی قطار میں مغرب، یا مسجد نبوی کی جانب پہلا حجرہ حضرت عائشہؓ کا تھا، جو حضرت حفصہؓ کے حجرے کے تقریباً سامنے تھا، دوسرا حضرت سودہؓ کا تھا، جو حضرت عائشہ کے حجرے سے متصل، مشرق یعنی جنت البقیع کی جانب تھا، دوسری قطار میں، مغرب یعنی مسجد نبوی کی جانب پہلا حجرہ حضرت فاطمہؓ اور حضرت علیؓ کا تھا، جو حضرت عائشہؓ کے حجرے کے متصل تھا اور اس کا دروازہ بھی حضرت عائشہؓ کے حجرے کی طرح، مسجد نبوی میں کھلتا تھا۔حضرت فاطمہؓ کے حجرے کے ساتھ دوسرا حجرہ حضرت امّ سلمہؓ کا تھا، جو حضرت سودہؓ کے حجرے کے مشرق یا جنّت البقیع کی جانب تھا۔ اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ زمین کا وہ خوش نصیب ٹکڑا جسے آج گنبدِ خضرا نے ڈھانپ رکھا ہے، سوا چودہ صدیوں پہلے، حضرت عائشہؓ ، حضرت سودہؓ ، حضرت فاطمہؓ ، حضرت امّ سلمہؓ کے حجروں اور حضرت حفصہؓ کے حجرے کے ایک حصے کی جگہ تھا ۔حضرت امّ سلمہؓ کے حجرے کے نیچے یا شمال کے رخ پراس طرح کے پانچ اور حجرے تھے، جو دوسری ازواج مطہرات کی رہائش گاہیں تھیں۔
یہ تھے دو دو سو مربع فٹ کے وہ نو حجرے جن میں اللہ کے آخری رسولﷺ نے اپنی زندگی کی آخری دس سال یہاں گزارے۔ یہ تھیں وہ اقامت گاہیں، جن میں آپ سوئے، اٹھے، بیٹھے، محو گفتگو اور سجدہ ریز ہوئے۔ ان میں سے بعض میں آپﷺ پر وحی اتری اور ان میں سے ایک میں آپ دنیا سے رخصت ہوئے اور اب آرام فرما ہیں۔
جب کوئی زائر مسجدِ نبوی میں، ریاض الجنّہ کے قریب، جنوب کی جانب جالیوں کی وسطی جالی میں نصب، تین گول دائروں میں سے پہلے گول دائرے کے بالمقابل کھڑا ہوتا ہے تو اس کے اور رسول کریم ﷺکے درمیان، ظاہری طور پر صرف چند گز کا فاصلہ ہوتا ہے۔ اس جانب کی جالیوں کے پیچھے، سب سے پہلے حضرت حفصہؓ کے حجرے کا ایک حصہ ہے اور پھر گز بھر چوڑی وہ گلی جو کبھی حضرت عائشہؓ اور حضرت حفصہؓ کے حجروں کے درمیان ہوا کرتی تھی۔ اس کے بعد حضرت عائشہؓ کا حجرہ ہے، جس میں جنوب مغرب یا قبلے اور ریاض الجنّہ کی اطراف سے پہلی قبر رسول اکر م ﷺ کی ہے۔ اس سے ذرا نیچے یا شمال کی جانب پہلے آپ کے سسر اور خلیفہٴ اول حضرت ابو بکر صدیقؓ اور اس کے بعد ذرا نیچے آپ کے دوسرے سسر اور خلیفہٴ دوم، حضرت عمر فاروقؓ کی قبریں ہیں۔
رسول کریم ﷺ کا سر مبارک مغرب یعنی مسجد نبوی کی طرف، پاؤں مشرق یا جنت البقیع کی طرف اور چہرہٴ انور کا رخ قبلے یا جنوب کی طرف ہے۔ تدفین کے وقت یہی ترتیب آپﷺ کے ان دو اصحاب کی رکھی گئی جو زندگی میں بھی آپ کے ساتھی تھے اور اب بھی آپ کے ساتھ آرام فرما ہیں۔
رسول کریم ﷺ کے سینے (اور بعض روایات کے مطابق کندھے) کے سامنے حضرت ابوبکرؓ کا سر، اور حضرت ابوبکرؓ کے سینے (اور بعض روایات کے مطابق کندھے) کے سامنے حضرت عمرؓ کا سر ہے۔ یہ تینوں قبریں تقریباً مربع شکل کی ایک مہر بند چار دیواری میں ہیں جو کبھی حضرت عائشہؓ کا حجرہ تھا،
اس چار دیواری کے گرد ایک ”پانچ دیواری“ ہے۔ اس پانچ دیواروں والے کمرے کو ہی آج کل ”حجرہ شریفہ“ کہا جاتا ہے۔ یہ ”پانچ دیواری“ بھی مہر بند ہے اور اس کے اوپر سبز غلاف چڑھا ہوا ہے۔ اس ”پانچ دیواری“ کی تفصیلات اگلی سطور میں دی گئی ہیں۔ یہاں صرف یہ بتانا ضروری ہے کہ تین گول دائروں والی جالی کے اندر سے زائر کو جو نظر آتا ہے، وہ اس ”پانچ دیواری“ کا جنوبی یا قبلے کے رخ والا حصہ ہے۔
رسول کریمﷺ کے وصال کے تقریباً اسّی برس بعد، اموی خلیفہ ولید بن عبدالملک کے دور میں مدینے کے گورنر حضرت عمر بن عبدالعزیز کو مسجد نبوی کی مزید توسیع کا حکم دیاگیا۔ مسجدِ نبوی کا رقبہ، جس میں پہلی توسیع رسول اکرم ﷺ دوسری توسیع خلیفہٴ دوم حضرت عمر فاروقؓ اور تیسری توسیع خلیفہٴ سوم حضرت عثمانؓ نے کرائی تھی، اب اسلامی مملکت کے محیّر العقل پھیلاؤ اور مسلمانوں کی آبادی میں کثرت کے باعث یہ چھوٹا پڑ گیا تھا۔
یہ بات تقریباً ۹۱ھ (مطابق (۷۱۰ء) کی ہورہی ہے۔ اس وقت تک تمام ازواج مطہرات وفات پاچکی تھیں۔ خلیفہ کی ہدایت پر حضرت عائشہؓ کے حجرے کے علاوہ باقی تمام حجرات گرا کر، ان کی زمین مسجد نبوی کی توسیع کے لیے استعمال کی گئی۔ کہا جاتا ہے کہ جس روز یہ تقریباً سو سال قدیم حجرے گرائے گئے، اس دن مدینے میں ہر آنکھ اشک بار تھی۔ لوگ کہہ رہے تھے اور مدتوں کہتے رہے کہ یہ حجرے جوں کے توں رہنے چاہیے تھے،تاکہ آنے والی نسلوں کو معلوم ہوتا کہ ان کے آقا اور مولا نے اپنی زندگی کے آخری دس برس فقیرانہ شان سے گزارے، حالاں کہ فتح خیبر کے بعد اگر آپﷺ چاہتے تو اپنے، اپنی بیٹی اور بیویوں کے لیے پختہ وسیع اور آرام دہ مکانات بنوا سکتے تھے۔
حضرت عمر بن عبدالعزیز نے حضرت عائشہؓ کے حجرے کی چار دیواری کی ازسرنو تعمیر کی اور اس کے بعد، اس کے گرد، تقریباً سات میٹر، یا ساڑھے سات گز، اونچی ایک بیرونی دیوار کا بھی اضافہ کیا۔ تعمیر نو اور توسیع کے دوران جب یہ حجرے گرائے گئے تو مدینے کی ایک بھیگی رات میں جو کچھ بیتی، وہ ایک معاصر عبداللہ بن محمد بن عقیل کی زبانی سنیے:
”اس رات مدینے میں بارش ہورہی تھی۔ میرا معمول تھا کہ رات کے آخری پہر مسجدِ نبوی میں حاضری دیتا۔ پہلے رسول اللہ پر درود و سلام بھیجتا اور پھر نماز فجر تک مسجدِ نبوی میں رہتا۔ اس رات بھی میں حسب معمول نکلا۔ ابھی حضرت مغیرہ بن شعبہ کے مکان تک پہنچا تھا (جو جنت البقیع کے بالکل پاس تھا) کہ اچانک ایسی خوش بو آئی جو میں نے کبھی محسوس نہ کی تھی۔ مسجدِ نبوی پہنچا تو دیکھا کہ حضرت عائشہؓ کی کوٹھڑی کی ایک دیوار (مشرقی دیوار جو جنت البقیع کی جانب ہے) گری ہوئی ہے۔ میں اندر گیا اور رسول کریمﷺ کی خدمت میں درود وسلام پیش کیا۔ ابھی وہیں تھا کہ مدینے کے گورنر حضرت عمر بن عبدالعزیز آگئے۔ ان کے حکم پر کوٹھڑی کو ایک بڑے کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا۔ علی الصباح مستری کو کوٹھڑی کے اندر جانے کے لیے کہا گیا۔ اس نے کہا کہ اس کے ساتھ کوئی اور بھی چلے۔ حضرت عمر بن عبدالعزیز اٹھ کھڑے ہوئے۔
ان کے ساتھ دو اور حضرات بھی تیار ہوگئے۔ حضرت عمر بن عبدالعزیز نے یہ دیکھا تو کہا کہ ہمیں اس مقدس مقام کے مکینوں کے سکون میں خلل اندازی سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے صرف اپنے آزاد کردہ غلام مزاحم کو اندر جانے کے لیے کہا۔ جس نے بعد میں بتایا کہ پہلی قبر دوسری دو قبروں کے مقابلے میں تھوڑی سی نیچی تھی۔“ اس واقعے کے کم از کم ۳۵ برس قبل، حضرت ابوبکر صدیق کے ایک پوتے نے جب اپنی پھوپھی حضرت عائشہ کی زندگی میں یہ تینوں قبریں دیکھیں تو وہ سطح زمین سے نہ بہت بلند تھیں اور نہ زمین کے ساتھ لگی تھیں۔ تینوں پر سرخ مٹی نظر آرہی تھی۔
حضرت عمر بن عبدالعزیز کے ایک اور ہم عصر کا بیان ہے کہ انہوں نے جب یہ تینوں قبریں دیکھیں تو وہ سطح زمین سے تقریباً چار انچ اوپر تھیں۔ حضرت عمر بن عبدالعزیز نے حضرت عائشہ کے حجرے کے گرد جو چار دیواری کھنچوائی،اس میں سیاہ رنگ کے ویسے ہی پتھر استعمال کیے گئے، جیسے خانہٴ کعبہ کی دیواروں میں ہیں۔ اس کی تصدیق صدیوں بعد ان لوگوں نے کی، جنہیں مرمّت کے دوران یہ مہر بند چوکور کمرہ دیکھنے کا موقع نصیب ہوا۔ اس چار دیواری کے گرد ”پانچ دیواری“ بنوانے کا ایک مقصد یہ تھا کہ اللہ کے رسول ﷺ کی آخری آرام گاہ کا طرزِ تعمیر اللہ کے گھر کے طرزِ تعمیر سے مختلف رہے جو چار دیواروں پر مشتمل ہے۔
اس پانچ دیواری کا نقشہ کچھ یوں ہے کہ جب آپ تین گول دائروں والی جالی کے سامنے کھڑے ہوں تو جالیوں کے درمیان میں سے آپ کو جو نظر آتا ہے، وہ حضرت عمر بن عبدالعزیز کی بنوائی ہوئی بیرونی دیوار کا جنوبی حصہ ہے، جو ساڑھے آٹھ میٹر لمبا اور خط مستقیم میں ہے۔ جالیوں میں سے آپ کو عربی تحریر سے مزیّن جو سبز کپڑا اندر نظر آئے گا، وہ حضرت عمر بن عبدالعزیز کی بنوائی ہوئی بیرونی دیوار کے جنوبی حصے پر چڑھا ہوا ہے، نہ کہ حضرت عائشہؓ کے حجرے کی دیوار پر۔مشرق میں، یا جنّت البقیع کی جانب، بیرونی دیوار (جو ظاہر ہے کہ سبز جالیوں کے اندر ہے) خط مستقیم میں نہیں، بلکہ دو حصوں میں ہے۔ جنوب (یا قبلے کی جانب) سے شمال کو جاتے ہوئے، بیرونی دیوار کا ایک حصہ، جو تقریباً چھے میٹر لمبا ہے، خط مستقیم میں ہے، لیکن آگے جاکر اس دیوار کا دوسرا حصہ وتر کا زاویہ بناتا ہوا شمال مغرب کی سمت مڑ جاتا ہے۔ اس دوسرے حصے کی لمبائی تقریباً سات میٹر ہے۔ اسی طرح مغرب یا ریاض الجنّہ کی جانب بھی بیرونی دیوار خط مستقیم میں نہیں۔ ریاض الجنّہ میں جنوب سے شمال کو جاتے ہوئے، سبز جالیوں میں تین ستونوں کے نام نظر آئیں گے جو بالترتیب ”السّریر“ ”الحرس“ اور ”الوفود“ ہیں۔
السّریر سے الوفود کو جاتے ہوئے، سبز جالیوں کے اندر، بیرونی دیوار کا ایک حصہ، جو تقریباً آٹھ میٹر لمبا ہے، خط مستقیم میں ہے، لیکن آگے جاکر اسی دیوار کا دوسرا حصہ، جس کی لمبائی چھ میٹر ہے، وتر کا زاویہ بناتے ہوئے، شمال مشرق کی طرف مڑ جاتا ہے اور پھر شمال میں اپنے بالمقابل دیوار سے مل جاتا ہے۔ اس طرح بیرونی دیوار کی مجموعی لمبائی ساڑھے پینتیس میٹر ہے۔ قبلے یعنی جنوب کی جانب ساڑھے آٹھ میٹر لمبی دیوار خط مستقیم میں ہے۔ مشرق اور مغرب کی سمت یہ دیوار دو حصوں میں منقسم ہے۔ جنوب سے شمال کو جاتے ہوئے ان دیواروں کا ایک حصہ خط مستقیم میں اور دوسرا وتر کا زاویہ لیے ہوئے ہے۔ شمال کی سمت مشرقی اور مغربی دیواروں کا نقطہٴ اتصال ہے اور کوئی دیوار نہیں۔ ان پانچ دیواروں کے گرد وہ گوشہ اورسبز جالی ہے جو ہر زائر کی آنکھوں کو ٹھنڈک بخشتی ہے۔
اس کی لمبائی جنوب یا قبلے کی سمت سے شمال تک تقریباً سولہ میٹر اور مشرق سے مغرب (ریاض الجنّہ) تک تقریباً پندرہ میٹر ہے۔ اس جالی میں چار دروازے ہیں جو شمال، جنوب، مشرق اور مغرب میں ہیں۔ مشرقی دروازے کے علاوہ باقی تینوں دروازے بند رکھے جاتے ہیں۔مشرقی دروازہ بھی اسی وقت کھولا جاتا ہے،جب کسی خصوصی مہمان یا وفد کو اندر لے جانا ہو۔ یہ خصوصی مہمان سبز جالی کے اندر داخل ہوجاتے ہیں، لیکن اس مہر بند بیرونی ”پانچ دیواری“ کے اندر نہیں جاسکتے، جس کی اولین تعمیر حضرت عمر بن عبدالعزیز نے سوا تیرہ صدی قبل کرائی تھی اور ظاہر ہے کہ اس اندرونی مہر بند ”چار دیواری“ کے اندر جانے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جس میں رسول اللہ آرام فرما ہیں۔

اس مقدس اور قدیم چار دیواری کے اوپر ایک چھوٹا گنبد اور اس چھوٹے گنبد کے اوپر وہ بڑا سبز گنبد ہے جو۱۲۵۳ھ (مطابق ۱۸۳۷ء) سے اپنے رنگ کی نسبت سے، دنیا بھر میں ”گنبدِ خضرا“ کے نام سے مشہور ہے۔ ان دونوں گنبدوں میں، قبلے یعنی جنوب کی جانب، ایک دوسرے کے متوازی، ایک ایک سوراخ اس طرح رکھا گیا ہے کہ جب سورج کی کرنیں گنبدِ خضرا کے سوراخ پر پڑتی ہیں، تو وہ اندرونی گنبد کے متوازی سوراخ سے ہوتی ہوئی اس کے متعلق یہ ایک بڑا ایمان افروز واقعہ ہے امام دارِمی صحیح اِسناد کے ساتھ روایت کرتے ہیں :
قُحِطَ أهل الْمَدِيْنَةِ قَحْطًا شَدِيْدًا فَشَکَوْا إِلَي عائشۃ ، فَقَالَتْ : انْظُرُوْا قَبْرَ النَّبِيِّ صلي الله عليه وآله وسلم فَاجْعَلُوْا مِنْهُ کِوًي إلَي السَّمَاءِ، حَتَّي لَا يَکُوْنَ بَيْنَهُ وَ بَيْنَ السَّمَاءِ سَقْفٌ، قَالَ : فَفَعَلُوْا فَمُطِرْنَا مَطَرًا حَتَّي نَبَتَ الْعُشْبُ، وَسَمِنَتِ الْاِبِلُ حَتَّي تَفَتَّقَتْ مِنَ الشَّحْمِ، فَسُمِّيَ ’’عَامَ الْفَتْقِ‘‘.
’’ایک مرتبہ مدینہ کے لوگ سخت قحط میں مبتلا ہوگئے تو انہوں نے حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا سے (اپنی دِگرگوں حالت کی) شکایت کی۔ آپ رضی اﷲ عنہا نے فرمایا : حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قبرِ مبارک کے پاس جاؤ اور اس سے ایک روشندان آسمان کی طرف کھولو تاکہ قبرِ انور اور آسمان کے درمیان کوئی پردہ حائل نہ رہے۔ راوی کہتے ہیں کہ ایسا کرنے کی دیر تھی کہ اتنی زور دار بارش ہوئی جس کی وجہ سے خوب سبزہ اُگ آیا اور اُونٹ اتنے موٹے ہوگئے کہ (محسوس ہوتا تھا) جیسے وہ چربی سے پھٹ پڑیں گے۔ پس اُس سال کا نام ہی ’’عامُ الفتق (سبزہ و کشادگی کا سال)‘‘ رکھ دیا گیا۔‘‘
1. دارمي، السنن، 1 : 56، رقم : 92
2. ابن جوزي، الوفا بأحوال المصطفيٰ : 817. 818، رقم : 1534
3. سبکي، شفاء السقام في زيارة خير الأنام : 128
رسول اکرم ﷺ نے حضرت علیؓ اور حضرت فاطمہؓ کے حجرے کے باہر شمال کی سمت میں واقع کھلی جگہ میں نمازِتہجد ادا کی ہے۔ یہاں ایک محراب ہے جو ”محرابِ تہجد“ کہلاتی ہے لیکن سبز جالیوں سے نظر نہیں آتی۔ اس کے آگے آج ایک پتلا سا چبوترہ بنا ہوا ہے جس کے سامنے پیتل کی ایک دیدہ زیب منقش جالی نصب ہے۔ چبوترے پر ایک لمبی اور اونچی الماری ہے جس میں قرآن کے سیکڑوں نسخے رکھے ہیں۔ اس پیتل کی جالی کے سامنے وہ گزرگاہ ہے جو مشرق کی سمت باب جبریل اور مغرب کی سمت ریاض الجنّہ کی طرف جاتی ہے۔ اگر آپ باب جبریل سے مسجدِ نبوی میں داخل ہوں، جو ہر زائر کی ترجیح ہوتی ہے، چند گز بعد آپ کے بائیں جانب پیتل کی منقش جالی اور دائیں جانب قالینوں سے مزیّن ایک بڑا سا چبوترہ ہے، جسے اکثر زائرین غلطی سے ”اہل صفّہ“ کا چبوترہ سمجھ کر، اس پر جگہ حاصل کرنے کی تگ و دو میں لگ جاتے ہیں۔
اصحاب صفّہ کے قیام کا وہ مقام جہاں دور رسالت میں رسول کریم ا کے ساٹھ ستّر اصحاب بیک وقت قیام کرتے تھے، یہ نہیں ہے۔ ”اہل صفّہ“ کی جگہ موجودہ چبوترے سے خاصی آگے مغرب کی جانب تھی۔ اگر آپ ”اسطوانہٴ عائشہؓ “ سے شمال کی سمت یعنی قبلے کے مخالف رخ چلیں تو پانچواں ستون آج جہاں ہے، وہاں ۷ ھ سے پہلے اصحابِ صفّہ کا چبوترہ اور سائبان ہوتا تھا۔
۷ ھ سے قبل مسجد نبوی کی شمال مغربی حد بھی یہیں تک تھی۔ موجودہ چبوترہ رسول کریم ﷺ کے وصال کے تقریباً ساڑھے پانچ صدیوں بعد، بالفاظ دیگر آج سے تقریباً ساڑھے آٹھ سوسال قبل، مصر اور شام کے حکمراں سلطان نور الدین زنگی نے ۵۵۷ھ (مطابق۱۱۶۲ء) میں اس سنگین واقعے کے بعد بنوایا، جس کا ذکر اگلی سطور میں ہے۔ یہ چبوترہ مسجد نبوی کے خادموں اور محافظوں کے بیٹھنے کے لیے بنوایا گیا تھا اور اب یہاں زائرین کی نشست ہوتی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں